جہاز مالکان آبنائے ہرمز پر دوبارہ جانے کو تیار نہیں؟ دنیا کی بڑی شپنگ کمپنی نے وارننگ جاری کردی

صرف معاہدے کا اعلان کافی نہیں ہوگا بلکہ زمینی حقائق میں بھی واضح تبدیلی نظر آنا ضروری ہے، جوتارو تامورا


ویب ڈیسک June 16, 2026

ٹوکیو: امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ معاہدے کے باوجود آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی مکمل بحالی میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔

جاپان کی معروف شپنگ کمپنی مٹسوئی او ایس کے لائنز کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ جہاز مالکان فوری طور پر اس اہم آبی گزرگاہ سے سفر دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جوتارو تامورا نے کہا کہ صرف معاہدے کا اعلان کافی نہیں ہوگا بلکہ زمینی حقائق میں بھی واضح تبدیلی نظر آنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شپنگ کمپنیوں کو یقین دلانا ہوگا کہ آبنائے ہرمز میں سکیورٹی صورتحال واقعی بہتر ہو چکی ہے اور بحری جہازوں کو کسی قسم کے فوجی یا سلامتی خطرات کا سامنا نہیں رہے گا۔ ان کے مطابق متعلقہ ممالک کے درمیان معاہدے کے عملی نتائج سامنے آنے کے بعد ہی شپنگ لائنز اعتماد کے ساتھ دوبارہ اس راستے کا استعمال شروع کریں گی۔

جوتارو تامورا کا کہنا تھا کہ معاہدے کو صرف کاغذی شکل میں نہیں بلکہ عملی طور پر نافذ ہوتے دیکھنا ضروری ہے تاکہ جہاز مالکان اور انشورنس کمپنیاں خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور جنگی حالات کے باعث کئی شپنگ کمپنیوں نے اپنے جہازوں کی نقل و حرکت محدود کر دی تھی۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے، تاہم عالمی شپنگ انڈسٹری ابھی صورتحال کا محتاط انداز میں جائزہ لے رہی ہے۔