ایران امریکا مذاکرات کا اگلا مرحلہ سوئٹزرلینڈ میں، ایرانی وفد کی قیادت باقر قالیباف کریں گے

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے


ویب ڈیسک June 16, 2026

ایران امریکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز سوئٹزرلینڈ میں ہوگا، جبکہ ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کریں گے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان آئندہ مذاکرات مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد شروع ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کی جانب سے مذاکراتی ٹیم کی سربراہی محمد باقر قالیباف کریں گے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے مذاکراتی عمل میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

ایرانی حکام کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کا مقصد مجوزہ مفاہمتی یادداشت کو عملی شکل دینا اور جوہری پروگرام، پابندیوں میں نرمی، اقتصادی تعاون اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت کرنا ہوگا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو جاتے ہیں تو یہ ایران اور امریکا کے تعلقات میں ایک اہم سفارتی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی سیاست اور معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔

اب عالمی برادری کی نظریں سوئٹزرلینڈ میں متوقع مذاکرات پر مرکوز ہیں، جہاں دونوں فریق کئی برسوں کی کشیدگی کے بعد ایک جامع اور مستقل معاہدے کی جانب پیش رفت کی کوشش کریں گے۔