خیبرپختونخوا کی انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) کوہاٹ نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے 3 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
خیبر پختونخوا حکومت کی پالیسی اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید صاحب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ پوری تندہی سے جاری ہے۔
اسی تسلسل میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کوہاٹ نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کر کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سی ٹی ڈی کوہاٹ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کسی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور بمقام شکردرہ روڈ چیک پوائنٹ قائم کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی نقل و حرکت کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم نے بروقت کارروائی کی اور وہاں پہنچنے پر مسلح دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کے جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی، جس کا سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے انتہائی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ساتھ جواب دیا۔
شدید جوابی فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 عدد کلاشنکوف، 9 میگزینیں اور متعدد کارتوس برآمد کیے گئے ہیں، ہلاک شدہ شرپسندوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جوانوں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی کے جوانوں نے ایک بار پھر اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا ہے۔
سی ٹی ڈی سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور کسی بھی دہشت گرد کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا جب تک آخری دہشت گرد کا صفایہ نہ ہو جائے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شبقدر چارسدہ میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی مردان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگین جرائم میں مطلوب فتنہ الخوارج کے تین دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے پر سی ٹی ڈی اہلکاروں اور حکام کو سلام پیش کرتے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام ہندوستان کی پشت پناہی کے حامل خوارج کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف صوبے میں امن و استحکام کی خاطر کارروائیاں جاری رہیں گی۔