پاک۔کینیڈا سرمایہ کاری کے تحفظ  کا معاہدہ؛ پاکستانی وفد  اوٹاوا پہنچ گیا

حکومتِ پاکستان نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں، پاکستانی ہائی کمشنر


ویب ڈیسک June 17, 2026

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مجوزہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کے معاہدے (FIPPA/BIT) پر مذاکرات کے لیے پاکستان کا ایک اعلیٰ سطح کا  سرکاری وفد اوٹاوا پہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفد کی قیادت بورڈ آف انویسٹمنٹ (BoI) پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری ذوالفقار علی کر رہے ہیں، جبکہ اس میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی امور سے متعلق مختلف اداروں کے سینئر حکام بھی شامل ہیں۔

مذاکرات کے افتتاحی اجلاس میں گلوبل افیئرز کینیڈا کے ڈائریکٹر جنرل، ساوٴتھ ایشیا بیورو، جین کرسچین بریانٹ نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بات چیت مثبت اور تعمیری نتائج کی حامل ہوگی۔

اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا ایک اعلیٰ معیار کے سرمایہ کاری نظام کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن میں سرمایہ کاروں کے تحفظ، تنازعات کے شفاف حل اور موٴثر ریگولیٹری نظام کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔