’آسٹریلوی خاندان پر چکوال میں فائرنگ کے واقعے نے سی سی ڈی سے متعلق کئی سوالات کھڑے کردیے‘

لاہور ہائیکورٹ میں 9 سالہ بچی کی ہلاکت کے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کےلیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی


ویب ڈیسک June 17, 2026

لاہور ہائیکورٹ میں چکوال میں سی سی ڈی کی مبینہ فائرنگ سے نو سالہ بچی کی ہلاکت کے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے درخواست کو مرکزی درخواست کے ساتھ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔

سماعت کے دوران جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس تو راولپنڈی کا بنتا ہے، جس پر درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ راولپنڈی سے متعلق کوئی کیس عدالت میں نہیں لائے بلکہ سی سی ڈی کے قیام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جا چکا ہے اور وہ درخواست پہلے ہی زیر سماعت ہے۔

جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ چکوال فائرنگ واقعے نے سی سی ڈی کی تربیت اور طریقہ کار سے متعلق کئی سوالات کو اجاگر کیا ہے، لہٰذا متاثرہ خاندان کو جے آئی ٹی میں شامل کیا جائے اور واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا حکم دیا جائے۔