پریانکا چوپڑا کی والدہ نے خوبصورت بالوں کا راز بتادیا، گھریلو ہیئر ماسک کی ترکیب شیئر کردی

قدرتی اجزاء پر مشتمل یہ نسخے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہے ہیں


ویب ڈیسک June 17, 2026

بالی وڈ کی معروف اداکارہ اور سابق مس ورلڈ پریانکا چوپڑا کی والدہ اور ایستھیٹک ڈاکٹر مدھو چوپڑا نے گھنے، مضبوط اور چمکدار بالوں کے لیے اپنا آزمودہ گھریلو نسخہ مداحوں کے ساتھ شیئر کردیا۔

ڈاکٹر مدھو چوپڑا کے مطابق وہ بالوں کی نگہداشت کے لیے ناریل کے تیل، میتھی دانوں، روز میری، چاول کے پانی اور چیا سیڈز کو ملا کر ایک خصوصی ہیئر ماسک تیار کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پانی میں بھگوئے گئے چیا سیڈز اس آمیزے کو جیلی جیسی ساخت فراہم کرتے ہیں، جس سے اسے بالوں پر لگانا آسان ہو جاتا ہے۔

انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ اس ماسک کو بالوں میں لگانے کے بعد تقریباً ایک گھنٹے تک لگا رہنے دیا جائے اور پھر بال دھو لیے جائیں۔ ان کے بقول یہ قدرتی نسخہ بالوں کو مضبوط بنانے، قدرتی چمک بحال رکھنے اور مجموعی طور پر بالوں کی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ بالوں کی بہتر نشوونما کے لیے بھی فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔

73 سالہ مدھو چوپڑا نے یہ بھی بتایا کہ یہ ماسک ان کے ماہانہ ہیئر کیئر روٹین کے پہلے ہفتے کا اہم حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر ہفتے بالوں کی دیکھ بھال کے لیے مختلف طریقہ کار اپناتی ہیں اور آئندہ بھی اپنے دیگر بیوٹی ٹپس اور روٹین مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہیں گی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

یہ پہلا موقع نہیں کہ مدھو چوپڑا نے گھریلو خوبصورتی کے نسخے عوام کے ساتھ شیئر کیے ہوں۔ اس سے قبل وہ جلد کی نگہداشت کے لیے بھی ایک قدرتی ماسک تجویز کر چکی ہیں، جس میں بیسن، تازہ دہی، گھریلو ملائی، ہلدی اور ٹھنڈا دودھ شامل کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق یہ آمیزہ جلد کو نرم، شاداب اور تروتازہ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

قدرتی اجزاء پر مشتمل یہ نسخے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہے ہیں اور بیوٹی ٹپس میں دلچسپی رکھنے والے افراد انہیں آزمانے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔