گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت بنانے کے لیے مختلف جماعتوں سے رابطے شروع کردیے ہیں اور اسی سلسلے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں حکومت کی تشکیل کے لیے ایم ڈبلیو ایم کو ساتھ چلنے اور حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے، تاہم مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے تاحال اس پیشکش پر کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔
سیاسی رابطوں کے دوران اہم مشاورت بھی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس نے بیرسٹر گوہر کو پیپلز پارٹی کی جانب سے ہونے والے رابطوں اور حکومت سازی سے متعلق پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ گلگت بلتستان میں حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت اور رابطوں کا عمل جاری ہے۔