ایران کیساتھ معاہدے میں پاکستان نے سب سے اہم کردار ادا کیا؛ صدر ٹرمپ

امریکا ایران معاہدے پر قطر کا کردار بھی قابلِ تعریف رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ


ویب ڈیسک June 17, 2026
امریکی صدر کا جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ (اے آئی، تصوراتی تصویر)

امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط 19 جون جمعے کے روز سوئٹزرلینڈ کے سیاحتی مقام پر ہوں گے جس کے لیے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو کامیاب بنانے میں پاکستان اور قطر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

جی 7 سربراہی اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ معاہدے پر دستخط آئندہ چند روز میں اور ممکنہ طور پر جمعہ 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہوسکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کے بقول انھوں نے اجلاس میں شریک رہنماؤں کو ایران معاہدے سے متعلق بریفنگ دی جس کا خیرمقدم کیا گیا کیوں کہ اگر معاہدہ نہ ہوتا تو آبنائے ہرمز کی بندش عالمی معیشت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی تھی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نہ جوہری ہتھیار تیار کرے گا اور نہ ہی حاصل کرے گا، جبکہ امریکا ایرانی افزودہ جوہری مواد کو ناکارہ بنانے کے لیے تکنیکی اقدامات کرے گا۔

امریکی صدر نے بتایا کہ مفاہمتی یادداشت کی ایک نقل اسرائیل کو بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ لبنان میں امن، خلیجی ممالک کے ساتھ علاقائی سلامتی اور ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر بھی بات چیت جاری ہے۔

صدر ٹرمپ کے بقول اس جنگ کے باعث ایران کو تقریباً 2 ٹریلین ڈالر کا معاشی نقصان پہنچا ہے اور اسے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی تاہم انھوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کی تعمیر نو میں براہِ راست سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔