کراچی:
شہر قائد میں اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک سے منسلک کارندے کو گرفتار کر کے 18 کلو سے زائد چرس برآمد کرلی۔
ترجمان ایس آئی یو کے مطابق پولیس نے عیدگاہ کے علاقے میں بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ کے خلاف اہم کارروائی کرت ہوئے منشیات فروش عمران ولد اشرف کو گرفتار کر کے 18 کلو 380 گرام چرس برآمد کرلی۔
تفتیش میں مزید انکشاف ہوا کہ گرفتار منشیات فروش پشاور ، خیبرپختونخوا کے بدنام زمانہ منشیات فروش و سپلائر ظر خان سے بڑی مقدار میں منشیات خریدتا تھا اور اس کے نیٹ ورک جو کہ کے پی کے میں ہے وہاں سے کراچی بڑی مقدار میں منشیات اسمگل کرتا تھا۔
بعد ازاں شہر قائد کے علاقے کورنگی ، لانڈھی ، سہراب گوٹھ ، الآصف اسکوائر ، صدر اور اولڈ سٹی ایریا سمیت دیگر علاقوں کے مقامی خریداروں کو فروخت کرتا تھا۔
ایس آئی یو پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔