امریکا میں طیارہ ہائی وے پر آ گرا، شہریوں نے جان پر کھیل کر مسافروں کو بچالیا، ویڈیو وائرل

حادثے کے بعد اٹھنے والے دھوئیں اور آگ کے باعث 5 پولیس اہلکار بھی متاثر ہوئے جنہیں احتیاطی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا


ویب ڈیسک June 18, 2026

ٹیکساس: امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر لاریڈو میں ایک چھوٹا جیٹ طیارہ ہائی وے پر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، تاہم حادثے کے فوراً بعد شہریوں کی بروقت امدادی کارروائی نے کئی مسافروں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں مجموعی طور پر 6 افراد سوار تھے۔ طیارہ گرنے کے بعد ہائی وے پر سفر کرنے والے متعدد افراد نے اپنی گاڑیاں روک دیں اور زخمیوں کو بچانے کے لیے فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب دوڑ پڑے۔

عینی شاہدین کے مطابق بعض شہریوں نے طیارے کے کاک پٹ کی کھڑکی توڑ کر اندر پھنسے افراد کو باہر نکالنے کی کوشش کی، جبکہ دیگر افراد نے امدادی ٹیموں کے پہنچنے تک زخمیوں کی مدد جاری رکھی۔

رپورٹس کے مطابق ایک شخص ہلاک ہوا ہے، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ جاں بحق ہونے والا فرد طیارے میں سوار تھا یا زمین پر موجود کسی شخص کی موت واقع ہوئی۔ مقامی پولیس نے بھی طیارے میں سوار افراد کی شناخت اور ان کی طبی حالت کے بارے میں تفصیلی معلومات جاری نہیں کیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد اٹھنے والے دھوئیں اور آگ کے باعث 5 پولیس اہلکار بھی متاثر ہوئے جنہیں احتیاطی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

فلائٹ ٹریکنگ کمپنی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ میکسیکو کے لاس کابوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا اور لاریڈو کی جانب آرہا تھا۔

لاریڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر گلبرٹو سانچیز نے ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طیارے کو دورانِ پرواز کسی فنی خرابی کا سامنا ہوا ہو سکتا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

حادثے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں شہریوں کو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر مسافروں کو بچانے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔