کراچی پورٹ نے کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا

کراچی پورٹ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن گئی، وفاقی وزیر بحری امور


ویب ڈیسک June 19, 2026

کراچی پورٹ نے مالی سال ختم ہونے سے پہلے کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مالی سال 2025-26 ختم ہونے سے پہلے کراچی پورٹ پر 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یوز ہینڈل کیے گئے۔

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری کے مطابق کراچی پورٹ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن گئی، ریکارڈ کنٹینر ہینڈلنگ بحری شعبے پر کاروباری اعتماد کا مظہر ہے۔

جنید انوار چودھری کا کہنا تھا کہ تاریخی کامیابی کے پی ٹی افسران اور کارکنان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، پاکستان کی شپنگ اور لاجسٹکس صلاحیت مزید مستحکم ہو رہی ہے، پاکستان کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ اور لاجسٹکس حب بنانے کا مشن جاری رہے گا۔

چیئرمین کے پی ٹی ایڈمرل شاہد احمد کا کہنا تھا کہ بندرگاہی اصلاحات اور جدید انفرا اسٹرکچر سے کارگو ٹریفک میں نمایاں اضافہ ہوا، کراچی پورٹ قومی معیشت اور سمندری تجارت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔