فوٹو کھنچوانے کے لیے کوئی بھیک نہیں مانگی، اطالوی وزیر اعظم نے ٹرمپ کا بیان مسترد کر دیا

اطالوی وزیر اعظم نے اس معاملے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا


ویب ڈیسک June 19, 2026

اطالوی وزیر اعظم جیورجیا میلونی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب ایک متنازع بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کبھی بھی تصویر کھینچوانے کیلئے بھیک نہیں مانگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اطالوی وزیر اعظم کا یہ ردِعمل ان خبروں کے بعد سامنے آیا جن میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ میلونی نے کینیڈا میں سمٹ کے دوران اُن کے ساتھ تصویر کھینچوانے کیلئے التجا کی۔

ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے اطالوی وزیر اعظم کہا کہ بین الاقوامی تعلقات باہمی احترام اور سفارتی آداب پر قائم ہوتے ہیں، نہ کہ ذاتی تشہیر پر۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اطالوی وزیر اعظم نے اس معاملے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ اٹلی اور امریکا کے تعلقات دونوں ممالک کے قومی مفادات پر مبنی ہیں اور انہیں شخصیات کے درمیان تعلقات تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی اور امریکی قیادت کے درمیان مختلف عالمی مسائل پر قریبی رابطے جاری ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عوامی سطح پر اس نوعیت کے بیانات بعض اوقات سفارتی حساسیت پیدا کر سکتے ہیں۔

ادھر سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر بحث جاری ہے، جہاں بعض صارفین نے میلونی کے جواب کو خودمختار مؤقف قرار دیا جبکہ دیگر نے اسے سیاسی بیان بازی کا حصہ قرار دیا۔