مدد کیلئے شیاطین کو بلانے والی جادوئی منتر لکھی قدیم تختی دریافت

ان جادوئی منتروں کا مقصد دیوتاؤں اور شیاطین کو پکار کر دشمنوں کو نقصان پہنچانا تھا


ویب ڈیسک June 19, 2026

نیدرلینڈز میں ایک رومی تختی دریافت ہوئی ہے جس سے متعلق ماہرین کے کا ماننا ہے کہ اس پر ایسے جادوئی منتر درج ہیں جن کا مقصد دیوتاؤں اور شیاطین کو پکار کر دشمنوں کو نقصان پہنچانا تھا۔

یہ نادر نوادرات رومی سلطنت کے صوبے لوئر جرمینیا کے ایک آثارِ قدیمہ کے مقام سے برآمد ہوئی، جو آج کی ڈچ میونسپیلیٹی ہِیرلین میں واقع ہے۔

تقریباً 9.3 سینٹی میٹر لمبی اور 4.8 سینٹی میٹر چوڑی اس تختی پر تحریر موجود تھی لیکن حیرت انگیز طور پر یہ لاطینی زبان میں نہیں بلکہ قدیم یونانی میں لکھی گئی تھی اور اس کا انداز مصری طرزِ تحریر سے ملتا جلتا تھا۔

انسٹیٹیوٹ آف پیپیرولوجی کے محققین نے اس تحریر کا مطالعہ کیا اور معلوم کیا کہ اس میں تین مختلف اقسام کے حروف و علامات استعمال کیے گئے تھے۔

ایسی تختیاں عموماً سیسے سے بنائی جاتی تھیں۔ سیسہ نہ صرف بھاری اور آسانی سے شکل دینے والا مادہ تھا بلکہ قدیم عقائد کے مطابق اس میں لوگوں یا چیزوں کو باندھنے اور ان پر اثر انداز ہونے کی پراسرار طاقت بھی سمجھی جاتی تھی۔