بائنری اسٹار سسٹم سے متعلق ایک نادر دریافت

ماہرینِ فلکیات نے خلا کی گہرائیوں میں ملبے کی موجودگی دریافت کی ہے جو دو ستاروں کی باقیات کی ہو سکتی ہے


ویب ڈیسک June 20, 2026

ماہرینِ فلکیات نے خلا کی گہرائیوں میں ملبے کی موجودگی دریافت کی ہے جو دو ستاروں کی باقیات کی ہو سکتی ہے۔

سائنس دانوں نے ناسا کی فیرمی گیما-رے اسپیس ٹیلی اسکوپ سے حاصل کردہ مشاہدات کی مدد سے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ سپرنووا کے ملبے کے دو بادل دراصل کبھی ایک بائنری اسٹار سسٹم (دوہرا ستاروی نظام) کا حصہ تھے۔

بائنری سسٹم میں دو ستارے کششِ ثقل کی وجہ سے ایک دوسرے کے گرد گھوم رہے ہوتے ہیں اور ایک مشترکہ مرکز کے گرد گردش کرتے ہیں۔

اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے شعبہ طبعیات میں پوسٹ ڈاکٹریٹ محقق مِلٹائڈس میکائلیڈِس کا کہنا تھا کہ ان دونوں باقیات کے درمیان بے شمار حیرت انگیز مماثلتیں موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت امکان ہے کہ ان کا آپس میں تعلق ہو۔ اگر یہ درست ثابت ہوا تو یہ تاریخ کی پہلی معلوم مثال ہوگی جس میں ایک ہی بائنری نظام کے دونوں ستارے سپرنووا دھماکوں سے گزر چکے ہوں۔