ساہیوال میں 8 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر گیا

بچہ اپنی والدہ کے ساتھ پیدل جا رہا تھا کہ اچانک تقریباً 20 فٹ گہرے سیوریج کے مین ہول میں جا گرا


ویب ڈیسک June 20, 2026
فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کھلے مین ہولز اور سیوریج نظام کی بہتری سے متعلق احکامات کے باوجود واسا حکام کی مبینہ غفلت ایک اور حادثے کا سبب بن گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پرانا نور شاہ روڈ پر نادرا آفس کے قریب ایک آٹھ سالہ بچہ کھلے سیوریج مین ہول میں گر گیا۔ بچہ اپنی والدہ کے ساتھ پیدل جا رہا تھا کہ اچانک تقریباً 20 فٹ گہرے سیوریج کے مین ہول میں جا گرا، جس کا ڈھکن غائب تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق مقامی شہریوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت باہر نکال لیا جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔

مقامی مکینوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچہ نور شاہ کے علاقے میں واسا اہلکاروں کی غیر ذمہ داری اور غفلت کے باعث شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ رہی ہیں، لہٰذا ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور حفاظتی اقدامات کے تحت کھلے مین ہول کے اطراف کو گھیرے میں لے کر بند کر دیا تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جا سکے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں کھلے مین ہولز اور غائب ڈھکنوں کی فوری نشاندہی کرکے انہیں ڈھانپا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔