سوئٹزرلینڈ کا سب سے بڑا شہر زیورخ دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ برف پوش پہاڑوں کے دامن میں آباد یہ شہر اپنی قدرتی دلکشی، تاریخی ورثے، بے مثال صفائی اور پُرامن ماحول کی وجہ سے ہر سال لاکھوں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔زیورخ کی پہچان اس کی خوبصورت جھیل ہے۔ شفاف پانی سے بھری یہ جھیل شہرکی خوبصورتی میں چار چاند لگا دیتی ہے۔ سیاح کشتیوں کی سیر سے لطف اندوز ہوتے ہیں جبکہ جھیل کے کنارے بنے واکنگ ٹریکس اور پارکس ہر عمر کے افراد کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔
زیورخ کی نمایاں خصوصیت اس کی مثالی صفائی ہے۔ سڑکوں سے لیکر عوامی مقامات تک ہر جگہ نظم و ضبط اور صفائی کا معیار قابلِ رشک نظر آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ شہر دنیا کے بہترین رہائشی شہروں میں شمار ہوتا ہے۔زیورخ آنے والے سیاحوں کی پہلی ترجیح کروزکا سفرہے۔
سیاح نہ صرف جھیل اور ارد گرد پہاڑوں کے خوبصورت نظارے کرتے ہیں بلکہ ڈیک پر بنے ریستوران سے پسند کے کھانوں کے مزے بھی لیتے ہیں۔ زیورخ کا قدیم علاقہ، جسے اولڈ ٹائون کہا جاتا ہے، اپنی تنگ مگر خوبصورت گلیوں، تاریخی عمارتوں اور دلکش کیفوں کی وجہ سے خاص شہرت رکھتا ہے۔ یہاں ہرگلی ماضی کی ایک داستان سناتی محسوس ہوتی ہے۔
اس شہر میں صدیوں پر محیط تاریخ آج بھی اپنی اصل شکل میں محفوظ نظر آتی ہے۔ قدیم گرجا گھر، تاریخی عمارتیں اور جدید تعمیرات مل کر ایک ایسا منظر پیش کرتی ہیں جو زیورخ کو یورپ کے منفرد شہروں میں شامل کرتا ہے۔زیورخ نہ صرف کاروباری اور مالیاتی مرکز ہے بلکہ سیاحت کا بھی اہم مرکز ہے۔
دکانوں سے خریداری، ثقافتی سرگرمیوں، عالمی معیار کے ریسٹورنٹس اور قدرتی مناظر کی بدولت یہ شہر ہر ذوق کے سیاح کو کچھ نہ کچھ پیش کرتا ہے۔زیورخ میں قدرتی حسن، تاریخی ورثے، جدید سہولیات اور مثالی صفائی کا حسین امتزاج ۔ ہر آنے والے کے دل میں اپنی ایک الگ جگہ بنا لیتا ہے۔