رحیم یار خان میں محکمہ خوراک نے گندم کی غیر قانونی نقل و حرکت کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 گاڑیاں پکڑ لیں جن سے 381 میٹرک ٹن گندم برآمد ہوئی ہے جسے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید نیاز علی شاہ کی ہدایت پر مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں اور اس دوران برآمد شدہ گندم کو سرکاری گوداموں میں منتقل کر دیا گیا جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سید نیاز علی شاہ نے کہا کہ غیر قانونی گندم ترسیل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور ڈی جی فوڈ کے احکامات پر سخت کریک ڈاؤن کیا گیا، ضلع بھر میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی جبکہ ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔