موٹرسائیکل پر سوار میاں بیوی پر فائرنگ، خاتون جاں بحق، شوہر زخمی

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کردی ہے


ویب ڈیسک June 20, 2026

تحصیل درگئی کے علاقے ہریانکوٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق اور شوہر زخمی ہوگیا۔

ترجمان ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے مطابق تحصیل درگئی کے علاقے ہریانکوٹ میں فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں موٹرسائیکل پر سوار میاں بیوی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ شوہر زخمی ہو گیا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی میڈیکل ٹیم ایمبولینس کے ساتھ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کی لاش اور زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال درگئی منتقل کر دیا، جہاں زخمی شخص کی شناخت امیر نواب، عمر تقریباً 40 سال، جبکہ جاں بحق خاتون کی شناخت ارشادہ، عمر تقریباً 35 سال، ساکنان ہریانکوٹ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کردی ہے۔