عاصم اظہر کی اسپتال سے تصویر وائرل، مداح پریشان

گلوکار نے اپنی صحت سے آگاہ کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری پر سیلفی شیئر کی ہے


ویب ڈیسک June 20, 2026

معروف گلوکار عاصم اظہر کی اسپتال سے ایک تصویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد ان کے مداح تشویش میں مبتلا ہو گئے، تاہم گلوکار نے فوری طور پر اپنی صحت کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے تمام خدشات دور کر دیے۔

عاصم اظہر نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک سیلفی شیئر کی جس میں وہ نیبولائزر ماسک پہنے نظر آئے۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے مختصر کیپشن ’’ویلکم بیک‘‘ تحریر کیا، جس کے بعد مداحوں کی جانب سے ان کی خیریت دریافت کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

بعد ازاں گلوکار نے ایک اور انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے بتایا کہ پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں اور وہ صرف گلے اور ٹانسلز کے انفیکشن سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کو فکر میں مبتلا کرنا نہیں تھا۔

عاصم اظہر نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ڈاکٹرز انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ اب کچھ دن آرام کریں کیونکہ وہ بہت زیادہ مصروف رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مداحوں کی محبت اور حالیہ ریلیز ہونے والے گانوں پر مثبت ردعمل دیکھ کر انہیں پہلے ہی کافی بہتر محسوس ہو رہا ہے۔

گلوکار نے اپنے مداحوں کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان کے نئے گانوں ’’آرزو‘‘ اور ’’تو ہے وہی‘‘ کو ملنے والی پذیرائی ان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ ان کی وضاحت کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔