پنجاب کے سابق گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی وجہ سے ایران اور امریکا کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے اور اس بات کا اعتراف پوری دنیا کررہی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر چوہدری سرور نے کہا کہ پوری دنیا میں مذاکرات سیاستدانوں کے درمیان ہوتے ہیں۔ امریکی صدر سے لیکر تمام دنیا یہ تسلیم کرتی ہے کہ امریکہ ایران کے درمیان کامیاب مذاکرات فیلڈ مارشل کے باعث ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی تسلیم کرنا ضروری ہے کہ پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان دونوں ایک طاقت ہیں، عمران خان کی بہنوں کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی کرتا ہوں، ہر دور میں سچ بولنے والوں کو اپنی حکومت ہی برداشت نہیں کرتی۔
اُن کا کہنا تھا کہ معاشی اور سیاسی استحکام جو ہمارے چیلنج ہیں وہ حل ہو، ہندوستان نے واضح طور پر کہا ہے کہ دو سال بعد پاکستان کا پانی مکمل طور پر بند کردے گا، اگر پانی بند ہو گیا تو زراعت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی۔
سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت کی اس طرف کوئی توجہ نہیں، جی۔ ایس۔ پی پلس دوبارہ ملنے کا وقت آرہا ہے، ہمارے خلاف کوئی پروپیگنڈہ نہیں ہو رہا۔ ہمیں اب غدار اور دہشتگرد بنانے کی فیکٹریاں بند کرنا ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کیلئے کینسر بن چکی ہے، ملک میں غربت بڑھ رہی ہے، پاکستان میں پاور کا جو بم گرا ہوا ہے اسکی زمہ داری ائی۔ پی۔ پیز پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق سمیت جو کام اچھے ہیں انکی تعریف ہونی چاہیے، دنیا میں آباد کشمیری پاکستانیوں سے زیادہ پاکستانی ہیں۔ کیا وجہ ہے کہ جو لوگ ہمارے ساتھ مل کر بھارت کے خلاف احتجاج کرتے تھے ان وہ ہمارے سفارت خانوں کے باہر احتجاج کر رہے ہیں، کشمیریوں سے بات چیت کرنی ضروری ہے۔