منیلا میں ایشیا پیسفک پیڈل کپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ قومی کھلاڑی پاکستان کے سفیر ہیں، پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں،امید ہے قومی ٹیم ایشیا پیسفک پیڈل کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے بعد اسپورٹس پنجاب اور اے آئی کے اشتراک سے پیڈل ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ سیالکوٹ میں جلد نئے پیڈل کورٹ کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کھیل کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں مزید 14 جدید پیڈل کورٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار نے کہا کہ پنجاب حکومت اے آئی ویژن 2029 کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور کھیلوں کے امتزاج سے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جائے گا جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عالمی معیار کے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔