انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جوروٹ 14 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹر بن گئے

یہ تاریخی سنگِ میل انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے دوران مکمل کیا


ویب ڈیسک June 20, 2026

انگلینڈ کے اسٹار بلے باز جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 14 ہزار رنز کا سنگِ میل عبور کر لیا ہے اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے بیٹر بن گئے۔

یہ تاریخی سنگِ میل انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے دوران انگلینڈ کی دوسری اننگز کے ساتویں اوور میں ایک سنگل لے کر مکمل کیا۔

جوروٹ نے یہ اعزاز 302 اننگز میں حاصل کیا جبکہ اس سے قبل صرف بھارت کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا جنہوں نے 279 اننگز میں 14 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

35 سالہ جو روٹ اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 41 سنچریاں اور 66 نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔ وہ 2012 میں بھارت کے خلاف اپنے ڈیبیو کے بعد سے مسلسل انگلینڈ بیٹنگ لائن اپ کا اہم حصہ رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں ٹنڈولکر 15,921 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ جو روٹ اب 14,000 سے زائد رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ ان کے بعد رکی پونٹنگ، جیک کیلس اور راہول ڈریوڈ جیسے عظیم کھلاڑی شامل ہیں۔