باقر قالیباف کی سربراہی میں ایرانی وفد سوئٹزرلینڈ پہنچ گیا

وفد کو “میناب 168” کا کوڈ نام دیا گیا ہے


ویب ڈیسک June 20, 2026

ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے سلسلے میں ایرانی اعلیٰ سطحی وفد باقر قالیباف کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ پہنچ گیا ہے جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم سفارتی رابطوں کا نیا دور متوقع ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اس وفد کو “میناب 168” کا کوڈ نام دیا گیا ہے جس میں اہم حکومتی اور اقتصادی شخصیات شامل ہیں۔

وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سینئر رکن علی باقری، مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔

سوئٹزرلینڈ آمد کے بعد اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ اور مرکزی مذاکراتی شخصیت محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں جذباتی انداز اپناتے ہوئے کہا کہ میناب کے معصوم بچوں اور ایران کے شہداء کی یاد ہمیشہ ان کے ساتھ ہے اور وہ ہر فیصلے کو اس ذمہ داری کے احساس کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات کے دوران وہ اس امید کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں کہ کوئی ایسا قدم نہ اٹھایا جائے جس پر انہیں عوام یا شہداء کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے۔ قالیباف کے مطابق ان کی دعا ہے کہ وہ اس مشن کو عزت اور وقار کے ساتھ مکمل کریں اور اپنے ان عزیزوں سے جا ملیں جن کا انتظار ہے۔

مذاکراتی عمل کو خطے میں ایک اہم سفارتی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم اس کے نتائج آنے والے دنوں میں صورتحال کی سمت واضح کریں گے۔