وزیراعظم شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے سوئش کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی امید کا اظہار کیا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبرسیکیورٹی کے شعبوں میں ضروریات پوری کرنے کے لیے اعلیٰ تربیت یافتہ پاکستانی ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ اگنازیو کاسس نے برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سوئس وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچنے والے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مؤثر ثالثی کردار کو سراہا اور اس عمل کے آئندہ مراحل میں تعاون اور معاونت کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سوئس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عمل درآمد خطے میں پائیدار امن اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔
انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیش کش بھی کی۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی جیسے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ کو باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔