وزیراعظم شہباز شریف کی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر ایرانی قیادت اور ٹرمپ کی تعریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ میں چار فریقی مذاکرات کے دوران میڈیا سے غیررسمی گفتگو کی


ویب ڈیسک June 21, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ایرانی قیادت کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تہران نے کشیدگی میں کمی اور امن کے لیے واضح عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی متحرک کردار ادا کیا۔

سوئٹزرلینڈ میں 4 فریقی اجلاس کے مقام پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی قیادت، بشمول سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای، صدر مسعود پزشکیان اور مذاکرات کار اسپیکر باقر قالیباف اور وزیرخارجہ عباس عراقچی کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اس پورے عمل میں خلوص نیت اور کشیدگی کم کرنے کے عزم کے ساتھ حصہ لیا۔

وزیراعظم نے ایرانی قیادت کے بارے میں کہا کہ وہ بہت واضح اور دوٹوک رہے ہیں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اس پورے عمل کو احساس ذمہ داری کے ساتھ سنبھالا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قیادت واقعی خطے میں امن کے فروغ کی خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کردار ادا کیا ہے اور مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ امن پسند شخصیت ہیں اور انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران اس کا مظاہرہ بھی کیا، جب دونوں ممالک جوہری تصادم کے انتہائی قریب پہنچ چکے تھے تاہم صدر ٹرمپ کی متحرک قیادت نے مؤثر انداز میں مداخلت کر کے لاکھوں لوگوں کو بچا لیا۔

ایک سوال پر انہوں نے امریکا کے ساتھ پاکستان کی ازسرنو مضبوط ہوتی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے اسے انتہائی حوصلہ افزا علامت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں صدر ٹرمپ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں پاکستان کی حمایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں یہ دوستی اور نیا تعلق دونوں ممالک کے درمیان نہایت قریبی تعاون اور ہم آہنگی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔