کراچی، اورنگی ٹاؤن میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں باپ قتل، بیٹا گر کر زخمی

ابتدائی طور پر واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے


اسٹاف رپورٹر June 22, 2026

کراچی:

کراچی: اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا بیٹا گرنے سے زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 45 سالہ سمیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے جو چشتی نگر، اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا۔

وہ اپنے سسرال سے گھر واپس جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے اسے نشانہ بنایا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے مقتول کی موٹر سائیکل کے قریب آ کر سر پر گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد موقع سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول بھی برآمد کیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب مقتول کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سمیع اللہ تین بچوں کے باپ تھے جن میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔

واقعے کے وقت ان کا بیٹا بھی موٹر سائیکل پر ساتھ تھا جو فائرنگ کے دوران گر کر زخمی ہو گیا۔

اہل خانہ کے مطابق مقتول گھر کے قریب جوتوں کا کاروبار اور کارخانہ بھی چلاتے تھے جبکہ وہ روزمرہ کی طرح سسرال سے واپس آ رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔