جرائم میں ملوث افغانوں کی ملک بدری میں اضافہ کرنے جارہے ہیں، جرمنی

چارٹر پروازوں کے علاوہ باقاعدہ کمرشل پروازوں پر بھی ملک بدری جاری رہے گی، جرمن وزیر داخلہ


ویب ڈیسک June 22, 2026

جرمنی جرائم کے مرتکب افغان شہریوں کے لیے ملک بدری کی پروازوں میں نمایاں طور پر اضافہ کرنے جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی کی وزارت داخلہ اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان تکنیکی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد افغانستان کے لیے چارٹر ڈیپورٹیشن پروازوں کو ہر ماہ تین تک بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس وقت کم از کم 100 افغان شہری جن کے ملک بدری کے احکامات ہیں جرمنی کی جیلوں یا امیگریشن حراستی مراکز میں قید ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چارٹر پروازوں کے علاوہ باقاعدہ تجارتی پروازوں پر بھی ملک بدری جاری رہے گی۔

جرمن وزیر داخلہ الیگزینڈر ڈوبرینڈ نے بتایا کہ سزا یافتہ مجرموں کی افغانستان واپسی باقاعدہ اور قابل اعتماد طریقے سے کی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جو بھی ہمارے تحفظ کا غلط استعمال کرتا ہے اور یہاں سنگین جرائم کا ارتکاب کرتا ہے، اسے اپنے ملک میں اپنا مستقبل تلاش کرنا چاہیے۔ ہمارا معاشرہ اس بات کو یقینی بنانے میں ایک جائز مفاد رکھتا ہے کہ مجرم ہمارے ملک سے نکل جائیں۔