سویڈن میں طالبان رجیم کیخلاف افغان مہاجرین کا شدید احتجاج

پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے طالبان رجیم کیخلاف شدید نعرے بازی کی


ویب ڈیسک June 22, 2026

افغان طالبان رجیم کی سخت پالیسیوں اور ہرات میں پر امن مظاہرین پر تشدد کیخلاف یورپی ممالک میں احتجاجی لہر برقرار ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں سینکڑوں افغان مہاجرین طالبان رجیم کی پالیسیوں اور خواتین پر مظالم کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے طالبان رجیم کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی برادری سے فوری ایکشن کا مطالبہ کیا۔

افغان مظاہرین نے سویڈش حکومت اور عالمی برادری سے دوٹوک مطالبہ کیا کہ طالبان رجیم سے تمام تعلقات فوری ختم کرے۔

افغان مظاہرین نے کہا کہ طالبان رجیم سے سیاسی یا معاشی تعلقات رکھنابےگناہ اور معصوم افغان مقتولین سے غداری ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ یورپی سرزمین پر افغان طالبان جیسے انتہا پسند اور دہشت گرد غاصبوں کیلیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ سویڈش حکومت اور یورپی یونین افغان طالبان رہنماؤں کے یورپ داخلے اور ویزوں کے اجراء پر فوری اور مکمل پابندی عائد کرے۔

عالمی تنظیم ورلڈ لبرٹی کانگریس نے افغان رجیم کی ہرات میں مظاہرین پر فائرنگ اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں خواتین اور صحافیوں کیخلاف جاری  کریک ڈاؤن طالبان رجیم کا انسانی حقوق سے انکار اور "جینڈر اپارتھائیڈ" کا ثبوت ہے۔