نائجیریا میں جڑواں بھائیوں کی جڑواں بہنوں سے شادی کی دلچسپ کہانی

شادی کی تقریب میں شریک مہمانوں نے اس جوڑے کو ’پرفیکٹ میچ‘ قرار دیا


ویب ڈیسک June 22, 2026

ابوجا: نائجیریا میں ایک منفرد اور دلچسپ شادی نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی جہاں جڑواں بھائیوں نے جڑواں بہنوں سے شادی کر کے اپنی برسوں پرانی خواہش پوری کر لی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائجیریا کے معروف شہر ایبادان کے ایک چرچ میں منعقد ہونے والی اس شادی کی تقریب میں جڑواں بھائیوں اور جڑواں بہنوں نے بیک وقت رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو کر ایک منفرد مثال قائم کی۔

شادی کی تقریب میں شریک مہمانوں نے اس جوڑے کو ’پرفیکٹ میچ‘ قرار دیا اور اس غیر معمولی شادی کو ایک یادگار موقع قرار دیا۔

تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین اس منفرد واقعے پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

جڑواں بھائیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چونکہ وہ خود جڑواں ہیں، اس لیے ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ان کی زندگی کی ساتھی بھی جڑواں بہنیں ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ خدا کے خاص فضل سے ان کی یہ دیرینہ خواہش پوری ہو گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی ملاقات جڑواں بہنوں سے یونیورسٹی کے ایک پروفیسر کے ذریعے ہوئی تھی۔ ابتدا میں چاروں کے درمیان دوستی قائم ہوئی، جو وقت کے ساتھ مضبوط تعلق میں تبدیل ہوگئی اور بالآخر انہوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔

رپورٹس کے مطابق نائجیریا کا شہر ایبادان دنیا بھر میں جڑواں بچوں کی غیر معمولی تعداد کے لیے مشہور ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں جڑواں بچوں کی پیدائش کی شرح دنیا کے کئی دیگر خطوں کے مقابلے میں زیادہ دیکھی جاتی ہے۔