کیئر اسٹارمر کے بعد برطانیہ کے ممکنہ وزیر اعظم اینڈی برنہم کون ہیں؟

قیادت کے انتخاب کا باقاعدہ عمل جولائی میں شروع ہوگا


ویب ڈیسک June 22, 2026

برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کے مستعفی ہونے کے بعد لیبر پارٹی کے سینئر رہنما اور گریٹر مانچسٹر کے میئر اینڈی برنہم نئے وزیرِ اعظم بننے کے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسٹارمر نے پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئے دباؤ اور حالیہ سیاسی بحران کے بعد ملک اور پارٹی کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقتدار کی منظم منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے جانشین کے انتخاب تک عہدے پر فائز رہیں گے۔

لیبر پارٹی کے اندر اینڈی برنہم کو اس وقت سب سے مقبول امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ متعدد ارکانِ پارلیمنٹ نے ان کی حمایت کا اشارہ دیا ہے جبکہ حالیہ سرویز اور سیاسی تجزیوں میں بھی انہیں قیادت سنبھالنے کے لیے پسندیدہ امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق لیبر پارٹی کی قیادت کے انتخاب کا باقاعدہ عمل جولائی میں شروع ہوگا۔ اگر اینڈی برنہم کے مقابلے میں کوئی مضبوط امیدوار سامنے نہ آیا تو وہ چند ہفتوں کے اندر اندر برطانیہ کے نئے وزیرِ اعظم بن سکتے ہیں۔

اینڈی برنہم اس سے قبل کابینہ کے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں عوامی حمایت رکھنے والے رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر وہ وزارتِ عظمیٰ تک پہنچتے ہیں تو انہیں معیشت، مہنگائی، امیگریشن اور عالمی بحرانوں سمیت متعدد بڑے چیلنجز کا سامنا ہوگا۔