محرم الحرام کے دوران مجالس، عزاداری کے اجتماعات اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ساؤتھ زون پولیس نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد جاری ہے۔
سیکیورٹی پلان کے تحت ضلع جنوبی میں بڑے اجتماعات اور مجالس میں 34 لیڈی سرچرز بھی تعینات کی گئی ہیں، جبکہ حساس مقامات کی نگرانی، اسنیپ چیکنگ اور گشت کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا گیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی ساؤتھ زون کے مطابق امام بارگاہ بقیۃ اللہ کی سیکیورٹی کے لیے 56 پولیس اہلکار، 4 پولیس موبائلز اور 4 موٹر سائیکلیں تعینات کی گئی ہیں جبکہ امام بارگاہ یثرب پر 51 پولیس اہلکار، 3 پولیس موبائلز اور 4 موٹر سائیکلیں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
اسی طرح بڑا امام بارگاہ کھارادر میں 28 پولیس اہلکار تعینات ہیں، جبکہ چھوٹا امام بارگاہ کھارادر میں 14 پولیس اہلکار، ایک پولیس موبائل اور 2 موٹر سائیکلیں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
طاہری مسجد صدر میں 17 پولیس اہلکار، 2 پولیس موبائلز اور 2 موٹر سائیکلیں تعینات کی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حسینیہ ایرانیان کھارادر میں بھی 27 پولیس اہلکار، 2 پولیس موبائلز اور 2 موٹر سائیکلوں کو سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے تاکہ مجالس اور عبادات کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
ترجمان ساؤتھ زون پولیس کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام مجالس اور مذہبی اجتماعات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اقدامات میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
واضح رہے ایک روز قبل ڈیفنس فیز 6 میں واقع امام بارگاہ بقیتہ اللہ پر مبینہ طور پر سوزوکی کے بریک فیل ہوجانے کے باعث حادثہ پیش آیا تھا جسکے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت تین گرفتار ملزمان کیخلاف درج کرلیا ہے۔