خیرپور میں کنویں سے گیس کی پیداوار شروع، سوئی گیس کے سسٹم میں شامل

کنویں سے حاصل گیس سنجھورو پلانٹ میں پراسیسنگ کے بعد ایس ایس جی سی ایل نیٹ ورک میں شامل کی جارہی ہے


بزنس رپورٹر June 23, 2026

کراچی:

خیرپور کے کھیواری بلاک سے اچھی خبر سامنے آئی ہے، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی نے سہیٹو ون بلاک کے کنویں سے گیس کی پیدواری سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔

او جی ڈی سی ایل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو بھیجے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ سہیٹو ون کنواں ابتدائی طور پر یومیہ 6 ملین مکعب فٹ گیس کی پیداوار کررہا ہے تاہم او جی ڈی سی ایل مذکورہ کنویں کی پیداواری صلاحیت میں مرحلہ وار بنیادوں پر مزید اضافہ کرے گا۔

خط کے مطابق گیس کی ترسیل کے لیے 5 کلومیٹر طویل 6 انچ قطر کی فلو لائن بچھا دی گئی ہے، کنویں سے پیدا ہونے والی گیس سنجھورو پلانٹ میں پراسیسنگ کے بعد ایس ایس جی سی ایل نیٹ ورک میں شامل کی جارہی ہے۔

سہیٹو ون سے گیس دریافت کا اعلان او جی ڈی سی ایل نے 26 مارچ 2026ء میں کیا تھا۔ اوجی ڈی سی ایل کھیواری جوائنٹ وینچر میں 75فیصد جبکہ جی ایچ پی ایل 25 فیصد حصص کا مالک ہے۔

نئی گیس پیداوار سے مقامی ہائیڈرو کاربن وسائل کے بہتر استعمال اور توانائی فراہمی میں مدد ملے گی۔ سہیٹو ون منصوبہ ملکی توانائی شعبے کیلئے اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔