مسقط: عمان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے تعاون سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کے لیے ایک عارضی ٹرانزٹ کوریڈور قائم کر رہا ہے۔
عمان کے میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کے احترام اور آبنائے ہرمز میں بلا معاوضہ اور محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق مجوزہ راہداری استعمال کرنے والے تمام تجارتی اور دیگر بحری جہازوں کو انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے ساتھ رابطہ اور ضروری ہم آہنگی کرنا ہوگی تاکہ بحری نقل و حمل محفوظ انداز میں جاری رہ سکے۔
عمانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ خطے میں حالیہ کشیدگی کے بعد عالمی بحری تجارت کے تحفظ اور سپلائی چین کو مستحکم رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے روزانہ بڑی مقدار میں خام تیل، قدرتی گیس اور دیگر تجارتی سامان دنیا کے مختلف حصوں تک پہنچایا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے اس آبی راستے کی صورتحال عالمی توانائی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارت پر براہ راست اثر ڈالتی ہے۔
ماہرین کے مطابق عمان اور آئی ایم او کی جانب سے یہ اقدام بحری سلامتی میں اضافے اور عالمی تجارتی جہازوں کے اعتماد کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔