کرینہ کپور نے جسپریت بمراہ کو دلچسپ چیلنج کردیا

جسپریت بمراہ کا شمار دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے


ویب ڈیسک June 24, 2026

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان نے اپنے بیٹے تیمور علی خان کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک ایسی دلچسپ پوسٹ شیئر کی ہے جس نے مداحوں کو محظوظ کر دیا۔ اداکارہ نے اپنی بولنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو ہلکے پھلکے انداز میں چیلنج بھی دے دیا۔

کرینہ کپور نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے بڑے بیٹے تیمور کے ساتھ کرکٹ کھیلتی دکھائی دے رہی ہیں۔ تصاویر میں اداکارہ بولنگ کر رہی ہیں جبکہ تیمور بیٹسمین کے طور پر کریز پر موجود ہیں۔

اس دلچسپ لمحے کو مزید خاص بناتے ہوئے کرینہ نے تصویر کے ساتھ مزاحیہ انداز میں لکھا، ’’میرے ٹیلنٹ کو کم نہ سمجھیں، میں بمراہ کو بھی مقابلہ دے سکتی ہوں‘‘ اور ساتھ ہی انہوں نے جسپریت بمراہ کو بھی ٹیگ کر دیا۔

کرینہ کپور کی یہ پوسٹ مداحوں کو اس لیے بھی پسند آئی کیونکہ اداکارہ اکثر اپنی نجی زندگی، بچوں کے ساتھ گزارے گئے لمحات اور روزمرہ کی مصروفیات کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔ اس بار ان کا کھیلوں والا انداز دیکھ کر مداحوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔

واضح رہے کہ تیمور علی خان کو کرکٹ میں خاص دلچسپی ہے۔ کرینہ کپور ماضی میں بھی بتا چکی ہیں کہ ان کے بیٹے کو فلموں کے بجائے کھیلوں، خصوصاً کرکٹ میں زیادہ دلچسپی ہے اور وہ بھارتی کرکٹرز سے بھی متاثر ہیں۔

دوسری جانب جسپریت بمراہ کا شمار دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے۔ اپنی خطرناک یارکرز، منفرد بولنگ ایکشن اور دباؤ کے لمحات میں شاندار کارکردگی کے باعث وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

کرینہ کپور خان اپنی آئندہ فلم ’دائرہ‘ (Daayra) کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس کی ہدایت کاری معروف فلم ساز میگھنا گلزار کر رہی ہیں۔ فلم میں کرینہ کے ساتھ پرتھوی راج سکمارن بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے اور یہ فلم رواں سال سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔