تارک مہتا کا الٹا چشمہ سے جُڑے مشہور اداکار و ہدایتکار انتقال کر گئے

بھارتی شوبز انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑ گئی


ویب ڈیسک June 25, 2026

گجراتی تھیٹر، فلم اور ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار و ہدایتکار اروند ویکاریا 77 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اروند ویکاریا کے انتقال پر بھارتی شوبز انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑ گئی، جبکہ ان کے بیٹے اور ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ میں باگھا کا کردار سے مشہور تنمے ویکاریا ایک اور بڑے  صدمے سے گزر رہے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب تنمے ویکاریا صرف آٹھ ماہ قبل اپنی والدہ کو بھی کھو چکے ہیں۔

’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ کے خالق اور پروڈیوسر اسیت کمار مودی نے اروند ویکاریا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نقصان نہ صرف تنمے ویکاریا اور ان کے خاندان بلکہ پوری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔

انہوں نے اروند ویکاریا کو گجراتی تھیٹر اور سنیما کا ایک انتہائی محترم فنکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

اسیت مودی کے مطابق اروند ویکاریا نے ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ کے ساتھ بھی وابستگی رکھی، اس پراجیکٹ میں ہمیشہ ان کا ساتھ دیا اور رہنمائی بھی کی اور ہمیشہ محبت اور خلوص کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ اروند ویکاریا نے کئی دہائیوں پر محیط شاندار فنی سفر کے دوران ’’یشودا‘‘، ’’چھنو چمکلو‘‘ اور ’’روپیو ناچ نچاوے‘‘ جیسی معروف گجراتی پروڈکشنز میں کام کیا۔ وہ مقبول سپر ہیرو سیریز ’’شکتیمان‘‘ میں بھی نظر آئے تھے اور ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ میں ایک یادگار کیمیو کردار بھی ادا کیا تھا۔