کرکٹرز کیلیے تربیتی پروگرام، فٹنس کیساتھ تکنیکی مہارتوں کو بہتر بنانا ہوگا: مائیک ہیسن

مائیک ہیسن نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی


ویب ڈیسک June 25, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری تربیتی کیمپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی دو ہفتوں کے دوران کھلاڑیوں کے طبی معائنے اور فٹنس جانچ پر توجہ دی گئی تاکہ ان کی موجودہ جسمانی حالت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے فٹنس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارتوں کو بہتر بنانے پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف فارمیٹس کھیلنے والے زیادہ تر کھلاڑیوں کو طویل تربیتی سیشن کا موقع نہیں ملتا، تاہم اس مرتبہ تقریباً تین ماہ کا وقت دستیاب ہے جس سے فٹنس اور جسمانی مضبوطی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

مائیک ہیسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنس ڈاکٹر جاوید مغل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فٹنس اور طبی جانچ کے حوالے سے بلند معیار مقرر کیے ہیں۔ ان کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کھلاڑیوں کا انتہائی فٹ اور مضبوط ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر کیمپ کے آغاز پر کھلاڑی، کوچنگ اسٹاف، میڈیکل ٹیم اور فٹنس ماہرین مشترکہ اجلاس کرتے ہیں، جس میں ہر کھلاڑی کے لیے انفرادی کارکردگی کا منصوبہ تیار کیا جاتا ہے۔

مائیک ہیسن نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انڈر 19 سطح کے کئی باصلاحیت کرکٹرز کو اعلیٰ معیار کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں وہ قومی ٹیم کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز کے لیے تیار کیے جانے والے اسکواڈ میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے، جبکہ یہ کیمپ آئندہ ڈیڑھ سال بعد ہونے والے عالمی کپ کی تیاریوں میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔