وفاق اور بلتستان کے درمیان پولیس اسامیوں کی تقسیم کے فارمولے پر نظرِ ثانی کا فیصلہ

انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان کی جانب سے 4 مئی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا تھا


حیدر نسیم June 26, 2026

اسلام آباد:

وفاقی حکومت اور حکومتِ گلگت بلتستان کے درمیان پولیس اسامیوں کی تقسیم کے موجودہ شیئرنگ فارمولے پر نظرِ ثانی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

پی ایس پی کمپوزیشن کیڈر اینڈ سنیارٹی رولز 1985 اور فورتھ شیڈول آف گلگت بلتستان گورنمنٹ آرڈر 2018 میں ضروری ترامیم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

اس مقصد کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے کیریئر پلاننگ ونگ کو موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لینے اور دیگر صوبوں میں رائج طریقہ کار سے موازنہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان نے 4 مئی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا تھا، جس میں وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کے درمیان پولیس اسامیوں کی تقسیم کے فارمولے پر نظرِ ثانی کی درخواست کی گئی تھی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق مطالعاتی جائزہ مکمل ہونے کے بعد پولیس اسامیوں کی تقسیم کے فارمولے پر نظرِ ثانی کی جائے گی۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کیریئر پلاننگ ونگ کو اس سلسلے میں فوری طور پر اسٹڈی مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔