معروف مذہبی ناصر مدنی نے متنازع بیان پر اداکارہ مومنہ اقبال سے معافی مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال اور لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کا تنازع سامنے آنے کے بعد علامہ ناصر مدنی نے تقریر کے دوران مومنہ اقبال کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے اداکارہ پر سنگین الزامات عائد کیے اور تنازع کا ذمہ دار بھی انہیں ہی ٹھہرایا تھا۔
اس کے بعد مومنہ اقبال نے ناصر مدنی کے بیان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا اور پھر 17 جون کو اپنی لیگل ٹیم کی وساطت سے 17 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا۔
اداکارہ نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ عدنان احسان خان کے ذریعے ناصر مدنی کو قانونی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے مبینہ ہتک آمیز بیانات پر وضاحت، معذرت اور متعلقہ مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا تجا کہ ناصر مدنی کی جانب سے مومنہ اقبال کے بارے میں دیے گئے بعض بیانات ان کی ساکھ، عزت اور پیشہ ورانہ زندگی کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے، یہ ریمارکس ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں، لہٰذا فوری طور پر ان کی تردید کی جائے اور عوامی سطح پر معافی مانگی جائے۔
اداکارہ نے متنازع بیان دینے پر 17 کروڑ روپے ہرجانہ ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
اب گزشتہ روز ایک اجتماع میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر مدنی نے مومنہ اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میری کسی بھی بات سے آپ یا گھر والوں کو تکلیف پہنچی ہو تو اُس پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں]۔
انہوں نے اداکارہ کی بہن سمیت دیگر خواتین سے اپیل کی کہ وہ سرگودھا میں جنسی زیادتی کے بعد قتل کی گئی بچی منتہا کے انصاف کے لیے کھڑی ہوجائیں۔
ناصر مدنی کی معافی اور معذرت کے بیان کے بعد اب تک اداکارہ کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔