مٹاپے کے علاج میں اہم پیشرفت

کلینیکل ٹرائلز میں ایک سال کے دوران حیران کن نتائج سامنے آئے


ویب ڈیسک June 27, 2026

سائنس دانوں نے الینیگلیپرون نامی نئی جی ایل پی-1گولی تیار کی ہے، جس نے کلینیکل ٹرائلز میں ایک سال کے دوران شرکا کا اوسطاً 16.2 فی صد جسمانی وزن کم کرنے میں مدد دی، جبکہ اس کے مضر اثرات بھی نسبتاً کم دیکھے گئے۔

اس نئی گولی کی خاص بات یہ ہے کہ اسے دن میں کسی بھی وقت، کھانے کے ساتھ یا بغیر کھانے کے لیا جا سکتا ہے، جبکہ کچھ دیگر جی ایل پی-1 ادویات کے برعکس اسے خالی پیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔

ماہرین کے مطابق الینیگلیپرون جسم میں قدرتی جی ایل پی-1ہارمون کی طرح کام کرتی ہے، بھوک کم محسوس کراتی ہے اور کھانے کی خواہش کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔

دوسرے مرحلے کے کلینیکل ٹرائل میں زائد وزن یا موٹاپے کے شکار افراد نے  36 ہفتوں میں اوسطاً12 فی صد وزن کم کیا، جبکہ 56 ہفتوں (تقریباً ایک سال) تک دوا استعمال کرنے والوں کا وزن اوسطاً 16.2 فی صد کم ہوا۔

تحقیق کے شریک مصنف پروفیسر رابرٹ کشنر کے مطابق چونکہ الینیگلیپرون ایک چھوٹے مالیکیول کی دوا ہے، اس لیے اسے عام ادویات جیسے اسپرین یا بلڈ پریشر کی گولیوں کی طرح کھانے کے ساتھ یا بغیر لیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ مرحلے کے ٹرائلز بھی کامیاب رہے تو یہ گولی موٹاپے کے علاج کے لیے ایک آسان اور مؤثر آپشن ثابت ہو سکتی ہے۔