بھارت میں امریکی صدر کے نام سے سڑک منسوب کردی گئی، ٹرمپ کا خوشی کا اظہار

سڑک کے قریب ہی متعدد امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسے مائیکروسافٹ، گوگل اور ایمازون کے دفاتر بھی قائم ہیں


ویب ڈیسک June 27, 2026

بھارت کی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں امریکی قونصل خانے سے متصل ایک اہم سڑک کا نام تبدیل کرکے "ڈونلڈ ٹرمپ ایونیو" رکھ دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اقدام نے جہاں سفارتی حلقوں میں توجہ حاصل کی، وہیں بھارتی سیاست میں بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے یہ نام تبدیل کرنے کی تقریب امریکا کی آزادی کے 250 سال کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کی۔

اس موقع پر بھارت میں امریکی سفیر سرجیو گور اور تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا نے نئی یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی۔ تقریب میں ریاستی حکام، امریکی سفارت کاروں اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔

یہ سڑک حیدرآباد کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے جہاں امریکی قونصل خانہ موجود ہے اور قریب ہی متعدد امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسے مائیکروسافٹ، گوگل اور ایمازون کے دفاتر بھی قائم ہیں۔

تلنگانہ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ نام صرف ایک شخصیت کے اعزاز میں نہیں بلکہ بھارت اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی، تکنیکی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی علامت ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ خود کو اس اعزاز پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کسی امریکی صدر کے نام پر سڑک رکھنا دونوں ممالک کے تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔