اسلام آباد:
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے میں قیام امن کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ شب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے میں امن و استحکام اور دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران خطے اور اس سے باہر دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور اس پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے ایران کے عملے کے ارکان اور ماہی گیروں کی محفوظ انداز میں وطن واپسی میں پاکستان کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔