کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نے حساس معلومات لینے کے لیے اسلام آباد پولیس کے اہلکار پر وحشیانہ تشدد کیا۔
آزادکشمیر میں امن کے درپے کالعدم ایکشن کمیٹی اپنی تخریبی سرگرمیوں کے باعث عوام کے سامنے بے نقاب ہورہی ہے۔ راولاکوٹ کی جنڈالہ چیک پوسٹ کے قریب اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل ہمایوں خورشید پر کالعدم کمیٹی کے مسلح شرپسندوں نے قاتلانہ حملہ کردیا۔
زخمی کانسٹیبل ہمایوں خورشید کا کہنا ہے کہ چھٹی سے واپس آ رہا تھا کہ کالعدم کمیٹی کے ناکا لگائے 50 سے زائد شرپسندوں نے روک کرشدید تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ شرپسندوں نے وردی پہنا کرریاستی اداروں اور افسران کے خلاف تقریر کرانے کی کوشش کی۔
کانسٹیبل ہمایوں خورشید نے بتایا کہ کالعدم کمیٹی کے ایس ایم جیز سے لیس تقریباً 20 شرپسندوں نے اسلحہ تان کر بیان دینے پرمجبورکیا۔ کالعدم کمیٹی کے شرپسندوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری اور پوزیشن سے متعلق معلومات لینے کی کوشش بھی کی۔ شرپسند عناصر 8 گھنٹے تک یرغمال رکھنے کے بعد چیک پوسٹ کے قریب چھوڑ گئے۔
کانسٹیبل ہمایوں خورشید اس وقت سی ایم ایچ راولا کوٹ میں شدید زخمی حالات میں زیرعلاج ہے۔
ماہرین کے مطابق عوامی حقوق کی آڑ میں بیرونی ایماء پر انتشاری کمیٹی کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کالعدم کمیٹی کے شرپسند عناصرکو قانون کی گرفت میں لا کران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔