PHILADELPHIA:
کروشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گھانا کو 1-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آخری 32 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ گھانا بھی بہترین تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں میں شامل ہو کر اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔
فلاڈیلفیا میں کھیلے گئے گروپ ایل کے میچ میں کروشیا نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا۔ 34ویں منٹ میں مڈفیلڈر پیٹر سوچیچ نے میٹیو کووچیچ کے پاس پر شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو پہلے ہاف کا واحد گول ثابت ہوا۔
دوسرے ہاف میں گھانا نے واپسی کی بھرپور کوشش کی اور 73ویں منٹ میں ڈیفنڈر ڈیرک لکاسن نے ارنسٹ نواماہ کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔
ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی تقریباً چار منٹ تک جانچ کے بعد گول کو درست قرار دے دیا گیا۔
برابری کے گول کے بعد گھانا کا دباؤ بڑھ گیا لیکن 83ویں منٹ میں تجربہ کار کپتان لوکا موڈریچ کے عمدہ کراس پر نکولا ولاشیچ نے شاندار ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول اسکور کر دیا جس نے کروشیا کو قیمتی فتح دلا دی۔
اس کامیابی کے ساتھ کروشیا گروپ ایل میں انگلینڈ کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کرکے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا، جبکہ انگلینڈ نے اپنے آخری گروپ میچ میں پاناما کو شکست دے کر پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔
دوسری جانب گھانا شکست کے باوجود بہترین تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں میں شامل ہونے کی وجہ سے آخری 32 مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا، جبکہ اس نتیجے کے بعد اسکاٹ لینڈ ناک آؤٹ مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔