سندھ میں پولیو وائرس کے خاتمے کی جدوجہد میں اہم پیش رفت

سندھ کے 17 ماحولیاتی نمونے منفی، انسدادِ پولیو حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں


ویب ڈیسک June 28, 2026
فوٹو: فائل

وفاقی وزیرصحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ماحولیاتی نمونوں کے نتائج میں نمایاں بہتری آئی ہے جس میں 29 میں سے 28 نمونے منفی رپورٹ کے ساتھ آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مصطفی کمال نے بتایا کہ اگست 2023 کے بعد منفی ماحولیاتی نمونوں کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ ہوئی۔ کراچی ڈویژن میں پولیو وائرس کی گردش میں نمایاں کمی ہوئی اور 12 میں سے 11 ماحولیاتی نمونے پہلی بار منفی آئے۔ 

سندھ کے دیگر ڈویژنز میں پہلی بار تمام 17 ماحولیاتی نمونے منفی رپورٹ ہوئے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ سندھ کے 17 ماحولیاتی نمونے منفی آئے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انسدادِ پولیو حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قمبر اور کشمور میں طویل عرصے بعد پولیو وائرس کی گردش کا خاتمہ خوش آئند پیش رفت ہے، بدین اور میرپورخاص میں مسلسل دوسرے ماہ ماحولیاتی نمونوں کا منفی آنا اہم کامیابی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جولائی 2026 کے دوران کراچی میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔ پولیو فری پاکستان کا عزم، ہر بچے کو پولیو سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔