غلطی سے اصلی پولیس افسر کو روکنے پر جعلی پولیس اہلکار گرفتار

جس گاڑی کو اس نے روکنے کی کوشش کی، وہ ایک خفیہ ڈیوٹی پر موجود شیرف ڈپٹی چلا رہا تھا


ویب ڈیسک June 29, 2026

امریکا کی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص کو پولیس افسر بننے کا ڈراما اس وقت مہنگا پڑ گیا جب اس نے غلطی سے ایک حقیقی پولیس اہلکار کی گاڑی روکنے کی کوشش کی اور خود گرفتار ہو گیا۔

46 سالہ نادی جباری پر الزام ہے کہ اس نے اپنی گاڑی میں سرخ اور نیلی ایمرجنسی لائٹس نصب کر رکھی تھیں اور خود کو پولیس افسر ظاہر کرتے ہوئے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا۔

تاہم، جس گاڑی کو اس نے روکنے کی کوشش کی، وہ ایک خفیہ ڈیوٹی پر موجود شیرف ڈپٹی چلا رہا تھا۔ اہلکار نے فوری طور پر دیگر پولیس ٹیموں کو موقع پر طلب کیا، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق نادی جباری کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کا جعلی اہلکار بننے اور اسلحہ رکھنے سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ پولیس افسر کا روپ دھارنے کی کوشش کیوں کر رہا تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یہ واقعہ 24 جون کو امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے تھونوتوساسا میں پیش آیا، جو شہر ٹمپا سے تقریباً 15 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔