چینی سرمایہ کاروں نے گلگت بلتستان میں مقپون داس اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے لیے دلچپسی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں وفد نے چین میں تعینات پاکستانی سفیر کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے چینی سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ گلگت کا دورہ کیا اور اس دوران وفد نے خصوصی طور پر مقپون داس اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا اور تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سمیت تمام متعلقہ سیکریٹریز، ڈائریکٹر جنرل بورڈ آف انویسٹمنٹ بھی موجود تھے، سیکریٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ شاہزیب شیخ نے مہمانوں کو اسپیشل اکنامک زون کی سہولیات، پالیسی فریم ورک اور سرمایہ کاری کے مواقع پر جامع بریفنگ دی۔
پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے زون کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے خطے کی معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔
وفد میں شامل چینی سرمایہ کاروں نے گلگت بلتستان میں سیاحت، زراعت اور پن بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے وفد کو یقین دلایا کہ گلگت بلتستان حکومت سنجیدہ اور حقیقی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات اور تعاون فراہم کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
سیکریٹری کامرس نے سفیر کو گلگت بلتستان کی مقامی مصنوعات چین برآمد کرتے وقت درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور خصوصاً خنجراب بارڈر پاس کے ذریعے سنکیانگ صوبے تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کا ذکر کیا۔
خلیل ہاشمی نے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر چینی حکومت کے ساتھ اٹھانے اور حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔
ماہرین کے مطابق سفیر کے اس دورے اور چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے گلگت بلتستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا نیا باب کھلنے کی توقع ہے، جس سے مقامی روزگار اور معیشت کو بڑا فروغ ملے گا۔