لاہور سمیت پنجاب بھر میں صبح سے ہی سورج نے آگ برسانا شروع کر دی جس کے سبب گرمی کی شدت بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہوگا جس کے سبب پنجاب کے مختلف اضلاع میں شام کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے۔
یکم جولائی سے پنجاب بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت میں 4 ڈگری اضافہ ہو کر 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جبکہ آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ جانے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق گرمی سے بچنے کے لیے مشروبات کا استعمال کریں، گھروں سے بے جا نہ نکلیں اور سر کو ڈھانپ کے رکھیں۔
دوسری جانب، پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں آندھی، بارشوں اور ژالہ باری سے متعلق الرٹ جاری کر دیا جس کے مطابق یکم سے 6 جولائی تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ اور نارووال میں بارش کا امکان ہے جبکہ 3 سے 6 جولائی تک ساہیوال، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔
راولپنڈی، گجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں۔ گردوغبار اور تیز آندھی کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔
ڈی جی عمر جاوید کا کہنا تھا کہ کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔ سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔