آبنائے ہرمز کے مستقبل پر ایران اور عمان متحرک، مشترکہ کمیٹی کا پہلا اہم اجلاس

مشترکہ کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی مفاہمت کے تحت قائم کی گئی ہے


ویب ڈیسک June 29, 2026

​​​​​​​تہران: ایران اور عمان کی جانب سے آبنائے ہرمز سے متعلق قائم کی گئی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہ کے مستقبل کے انتظام اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اجلاس کے بعد بتایا کہ یہ مشترکہ کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی مفاہمت کے تحت قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد آبنائے ہرمز کے انتظام، بحری نقل و حمل اور متعلقہ امور پر مشاورت کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں آبنائے ہرمز سے متعلق مختلف انتظامی اور تکنیکی معاملات، مستقبل کے تعاون کے طریقہ کار اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر گفتگو کی گئی۔

کاظم غریب آبادی کے مطابق ایران اور عمان اس اہم آبی گزرگاہ میں استحکام، محفوظ بحری آمدورفت اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مسلسل مشاورت جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار مختلف ممالک کو منتقل کی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے اس آبی راستے کی سلامتی اور انتظام عالمی تجارت اور توانائی کی منڈیوں کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔