غیرقانونی طریقے سے کمبوڈیا جانے والا مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ

رسک پروفائل کے مطابق مسافر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا


صالح مغل June 30, 2026

ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ائرپورٹ میں کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے پر سعودی عرب کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرنے والا مسافر آف لوڈ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مسافر کی کمبوڈیا روانگی کی کوشش ناکام  بنا دی گئی۔ مسافر اپنی والدہ کے ہمراہ عمرہ ویزے پر فلائٹ ای ڈی-272 کے ذریعے سعودی عرب جا رہا تھا۔ سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر اس سے قبل بھی 14 اپریل 2026 کو کمبوڈیا جاتے ہوئے آف لوڈ کیا جا چکا ہے۔

مسافر کے موبائل فون کی فرانزک سے انکشاف ہوا کہ وہ ایک ایجنٹ کے ساتھ کمبوڈیا روانگی کے سلسلے میں رابطے میں تھا۔ برآمد شدہ وائس نوٹس اور چیٹ ریکارڈ سے واضح ہوا کہ مسافر کا منصوبہ تھا کہ والدہ کی واپسی کے بعد وہ عمرہ ویزے پر سعودی عرب کو ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کمبوڈیا روانہ ہو جائے گا۔

ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کی جاری کردہ رسک پروفائل کے مطابق مسافر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔ موبائل سے برآمد شواہد کی روشنی میں مسافر کا کمبوڈیا روانگی کا ارادہ ثابت ہوا۔

مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔