ہمایوں اشرف نے اب تک شادی کیوں نہیں کی؟ وجہ سامنے آگئی

ہمایوں اشرف کے مطابق غیر شادی شدہ زندگی کا سب سے بڑا فائدہ آزادی ہے


ویب ڈیسک June 30, 2026

اداکار ہمایوں اشرف نے اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اب تک غیر شادی شدہ کیوں ہیں، سنگل زندگی کے کیا فوائد ہیں اور وہ کن رویوں کو کسی بھی رشتے میں ناپسند کرتے ہیں۔

حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اشرف نے کہا کہ ان کے نزدیک غیر شادی شدہ زندگی کا سب سے بڑا فائدہ آزادی ہے۔ ان کے بقول سنگل انسان کو اپنی روزمرہ مصروفیات کے بارے میں کسی کو جواب نہیں دینا پڑتا، وہ اپنی سہولت کے مطابق سوتا جاگتا ہے اور جب چاہے جہاں چاہے جا سکتا ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ سنگل زندگی میں انسان صرف اپنی ذمے داری اٹھاتا ہے، اسے گھریلو معاملات، روزمرہ کے حساب کتاب یا کسی دوسرے فرد کی ذمے داریوں کی فکر نہیں ہوتی، اسی وجہ سے وہ اس طرزِ زندگی کو کافی آسان سمجھتے ہیں۔

گفتگو کے دوران ہمایوں اشرف نے ان خصوصیات کا بھی ذکر کیا جو انہیں خواتین میں پسند نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بدتمیزی، غیر شائستہ لہجہ اور سخت رویہ انہیں بالکل متاثر نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ بلند آواز میں بات کرنے یا سخت لہجے کو پُراعتماد شخصیت کی علامت سمجھتے ہیں، لیکن ان کے نزدیک اصل کشش خوش اخلاقی، نرم مزاجی اور اچھی تربیت میں ہوتی ہے، نہ کہ صرف ظاہری خوبصورتی میں۔

ہمایوں اشرف نے یہ بھی کہا کہ انہیں ایسے لوگ پسند نہیں جو اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے اس کا جواز پیش کرتے رہیں یا دوسروں کی غلطیوں کا انتظار کریں تاکہ بعد میں انہیں طعنے دے سکیں۔ ان کے مطابق اگر کسی سے غلطی ہو جائے تو اسے سادہ انداز میں تسلیم کر لینا ہی بہتر ہوتا ہے۔

اداکار نے اپنی گفتگو کے اختتام پر واضح کیا کہ یہ تمام باتیں ان کے ذاتی مشاہدات اور تجربات پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں ہر خاتون ایسی ہو، اسی طرح مردوں میں بھی یہی عادات موجود ہو سکتی ہیں، اس لیے وہ صرف اپنی ذاتی رائے اور زندگی کے تجربات بیان کر رہے ہیں۔